*کینسر*
دنیا بھر میں امراض کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی دوسری بڑی وجہ ہے اور ہر سال لگ بھگ ڈیڑھ کروڑ نئے کیسز سامنے آتے ہیں۔
کینسر ریسرچ یوکے کے مطابق کینسر کو ابتدائی مرحلے میں پکڑ لینا اس کا علاج بہت آسان بنا دیتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ کینسر کی ابتدائی انتباہی علامات کے بارے میں جاننا اس مرض سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
کینسر کی کچھ اقسام میں کسی قسم کی علامات نہیں ہوتیں مگر اس کی بیشتر اقسام جسم میں کچھ ایسی تبدیلیوں کی شکل میں نظر آتی ہیں جو اس کی تشخیص اور موثر علاج میں مدد دیتی ہیں۔
یہاں آپ ایسی ہی ابتدائی انتباہی علامات کے بارے میں جان سکیں گے۔
*جسمانی وزن میں کمی*
بیشتر کینسر کے شکار افراد میں غیرمتوقع وزن میں کمی اس مرض کی پہلی نشانی ثابت ہوتی ہے، یہ درحقیقت جسم کے صحت مند خلیات کا ردعمل ہوتا ہے جو کینسر زدہ خلیات کے حملے پر ظاہر کرتے ہیں۔ امریکن کینسر سوسائٹی کے مطابق اگر وزن اچانک کم ہونے لگے اور چار سے پانچ کلو کم ہوجائے تو خطرے کی گھنٹی ثابت ہوسکتا ہے۔ عام طور پر وزن میں اچانک کمی غذائی نالی، پھیپھڑے، لبلبے اور معدے کے کینسر کے دوران ہوتی ہے۔
*جلد میں تبدیلیاں*
جلد میں تبدیلیاں صرف جلدی کینسر کی علامت نہیں ہوتیں، بلکہ بریسٹ کینسر یا منہ کے کینسر میں بھی ایسا ہوتا ہے۔ کینسر کے نتیجے میں بالوں کی نشوونما، ڈارک اسپاٹ، آنکھوں کی زردی اور جلد کی رنگت میں سرخی بھی سامنے آسکتی ہے۔
*بخار*
یہ جسم کا انفیکشن یا بیماری کی صورت میں قدرتی ردعمل ہوتا ہے اور ابتدائی اشارہ ہوتا ہے کہ کچھ سنگین ہوسکتا ہے۔ کینسر میں یہ علامت اس وقت سامنے آتی ہے جب کینسر کسی ایک سے دوسرے حصے میں پھیل جائے اور جسمانی دفاعی نظام کو متاثر کرے۔ عام طور پر یہ بلڈ کینسر کی ابتدائی علامت ہوتی ہے۔
*تھکاوٹ*
غیرمتوقع تھکاوٹ کا احساس بھی کینسر کی ابتدائی عام ترین علامات میں سے ایک ہے، خاص طور پر مناسب نیند کے باوجود یہ تھکاوٹ برقرار رہنا خطرے کی گھنٹی ہوتا ہے۔ امریکن کینسر سوسائٹی کے مطابق یہ عام طور پر خون کے کینسر کی علامت ہوتا ہے، تاہم شدید تھکاوٹ کی علامت آنتوں اور مثانے کے کینسر میں بھی نظر آتی ہے۔
*مسلسل کھانسی*
عام طور پر کھانسی نزلہ زکام، الرجی یا فلو کی علامت ہوتی ہے، تاہم یہ پھیپھڑوں کے کینسر کی ابتدائی علامت بھی ہوسکتی ہے، یعنی جب یہ کھانسی بتدریج بڑھتی چلی جائے، آواز بیٹھ جانا اور خون آنا، اس بات کا اشارہ ہے کہ ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے۔